امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ ایران میں پاسداران انقلاب کے کرنل خدائی کے قتل کی ذمہ داری اسرائیل نے قبول کر لی ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے امریکا کو بتایا ہے کہ کرنل خدائی کا قتل اسرائیل نے کروایا ہے۔
ایک انٹیلی جنس عہدیدار کی بریفنگ میں اسرائیل نے امریکی حکام کو مطلع کیا ہے کہ کرنل خدائی کے قتل کے پیچھے اس کا ہاتھ تھا۔
نام نہ بتانے کی شرط پر ذرائع نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ قتل کا مقصد ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے خفیہ گروپ کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے انتباہ کرنا تھا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق کرنل خدائی ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے رکن تھے، کرنل خدائی کو اتوار کے روز تہران میں ان کے گھر کے سامنے موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے قتل میں عالمی عناصر کے ملوث ہونے اور کرنل خدائی کے قتل کا بدلہ لینے کا کہا ہے۔