• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان یٰسین ملک کی رہائی کیلئے ہرفورم استعمال کرے، مرکزی جمعیت اہلحدیث

برمنگھم(پ ر)مرکزی جمعیت اہل حدیث نے کشمیری حریت رہنما یسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب بے بنیاد مقدمہ پر دی گئی عمرقید کی سزا کو سخت ظالمانہ قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یسین ملک کو ظالمانہ سزا کے خلاف ہر عالمی فورم کو استعمال کرے ۔مولانا محمد ابراہیم میرپوری امیر مرکزیہ نے کہا کہ اگر بھارت ایک مانے جانے اور اعترافی دہشت گردکے خلاف عالمی عدالت میں جا سکتا ہے، توپاکستان کیوں نہیں جاسکتا ۔ مولانا حبیب الرحمن ناظلم اعلی المرکزیہ نے کہا کہ کشمیرکی آزادی کی جدو جہد کرنے والا ہرشخص پاکستان کا محسن ہے ، بھارت شروع دن سے ہی برصغیرکااسرائیل بنا ہوا ہے اس نے کشمیری حریت پسندوں میر واعظ ، مولوی محمد فاروق ، عبدالغنی لون کو شہید کیا سید علی گیلانی کوتاحیات پابند سلاسل رکھااب وہ یاسین ملک جیسے جری بہادر اورمخلص لیڈر کوراستے سے ہٹانے کیلئے جھوٹے مقدمہ میں پھنساکرتازندگی جیل میں ڈالنے کاارادہ کیے ہوئے ہے جبکہ پاکستان صرف مذمت تک اپنے آپ کو محدود کررہاہے ۔ مولاناحبیب الرحمن نے کہا کہ پاکستانی حکومتوں کالچکدار رویہ ، بھارتی رہنماؤں کابغیر ویزے اپنے گھروں میں بلانا ،مسئلہ کشمیرکوحل کیے جانے کی شرط کو مٹاکر اس سے تجارتی تعلقات قائم کرنا، بھارتی دہشت گرد کلبھوشن یادو کے بارے میں مکمل خاموشی اوراورمداخلت کاروں ابھی نندن وغیرہ کوبغیر طلب کے بھارت حوالے کردینا اور یاسین ملک کی رہائی کیلئے کوئی موثر کوشش نہ کرنااس بات کی دلیل ہے کہ اس جانب سے کشمیرکے معاملہ کوسنجیدگی سے نہیں لیاجاتا۔انہوں نے کہااب پلوں سے بہت ساپانی گزرچکاہے حکومت پاکستان کایہ فرض بن چکا ہے کہ وہ کشمیری حریت پسند رہنمایاسین ملک کی رہائی کیلئے پوری طرح میدان عمل میں کود پڑے اوراس معاملہ کو فوری طور پرعالمی ادارہ تحفظ حقوق انسانی ، اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل ، یورپی یونین اور دیگر عالمی تحفظ انسانی حقوق کے اداروں تک لیجائے ، بھارت کے ساتھ تجارت بندکرے اوریاسین ملک کی فوری رہائی کے لیے قدم اٹھائے۔ مولانا حبیب الرحمن نے کہامرکزی جمعیت اہل حدیث نے ہمیشہ تحریک آزادی کشمیرکے ضمن میں ہراٹھائے جانے والے اقدام کی حمایت کی ہے اور اب بھی تمام جماعتوں کے ساتھ مل کرآزادی کشمیر اور الحاق پاکستان کے مشن کیلئے اپنابھرپور کردار ادا کرے گی۔
یورپ سے سے مزید