سرگودھا کے رہائشی منی چینجر کو اُس کی بیوی نے ہی لوٹ لیا، متاثرہ شخص کے مطابق بیوی نے گھر سے4 کروڑ روپے کے پرائز بانڈ، نقدی اور زیورات چوری کیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف تین مقدمات درج کرکے80 لاکھ روپے سے زائد کا مسروقہ مال برآمد کرلیا گیا ہے۔
سرگودھا شہر کے وسط بلاک 25 کے رہائشی منی ایکسچینج کے کاروبار کرنے والے سیف اللّٰہ نامی شخص نے بتایا کہ 7 برس قبل مقام حیات کی رہائشی اقرا نامی خاتون سے 52 برس کی عمر میں شادی کی۔
سیف اللّٰہ نے بتایا کہ وہ اقرا نامی خاتون کو بہت پسند کرتا تھا مگر افسوس اس نے میرے گھر آتے ہی پہلی واردات 2020 میں کی، دوسری واردات 2021 اور تیسری واردات ایک ہفتہ قبل کی ہے۔
سیف اللّٰہ نے بتایا کہ چوری کی واردات کے بعد بھی میں محبت میں اس قدر اندھا ہوگیا تھا کہ اقرا کی چکنی چوپڑی باتوں میں آکر اسے اپنے گھر لے آتا۔
منی چینجر کے مطابق اب اقرا نے اپنے رشتہ داروں کے ذریعے مجھے دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں، وہ پہلے سے شادی شدہ تھی اور تین بچوں کی ماں تھی۔
سیف اللّٰہ کاکہنا ہے کہ میرا گھر بھی اجڑ گیا، جس سے محبت کی شادی کی اس نے بھی آنکھیں دکھانا شروع کردی ہیں۔
ڈی ایس پی سٹی سرکل تصور عباس کا کہنا ہے کہ سیف اللّٰہ کی درخواست پر گزشتہ اڑھائی سالوں کے درمیان 3 مقدمات درج ہوئے 80 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی جاچکی ہے جبکہ مزید تفتیش کی جارہی ہے اور تینوں مقدمات زیر تفتیش ہیں۔