• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل سے تعلقات جرم، خلاف ورزی پر سزائے موت، عراقی پارلیمنٹ میں قانون منظور

عراقی پارلیمنٹ نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کو جرم قرار دے دیا ہے، خلاف ورزی کرنے پر سزائے موت یا عمر قید ہوسکتی ہے۔

گزشتہ روز عراق کی پارلیمان میں ایک قانون کی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانا جرم ہوگا۔

329 ارکان پارلیمنٹ میں سے 275 نے اس قانون کے حق میں ووٹ دیا، بیان میں کہا گیا کہ یہ قانون عراقی عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔

عراق کی پارلیمنٹ اب تک کسی دوسرے معاملے پر قانون سازی نہیں کرسکی۔

پچھلے سال اکتوبر میں منعقدہ انتخابات میں مقتدیٰ الصدر نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی تھیں لیکن حکومت کی تشکیل اور ملک کے صدر کا انتخاب اب تک نہیں ہوسکا۔

عراق نے کبھی بھی اسرائیل کو علیحدہ ریاست تسلیم نہیں کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔

پارلیمنٹ سے فیصلہ آنے کے بعد سیکڑوں افراد بغداد کے تحریر اسکوائر پہنچے اور جشن مناتے ہوئے اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔

مقتدی الصدر نے بھی ٹوئٹ کرکے اپنے پیروکاروں کو شکرانے کے نوافل پڑھنے اور جشن منانے کی ہدایت کی تھی۔

اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان لیور حیات نے عراقی پارلیمان کے فیصلے کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور عرب ریاستوں کے درمیان تعلقات معمول پر آنے سے خطے کے لوگوں کو استحکام اور خوشحالی ملے گی لیکن جو رہنما نفرت اور اشتعال انگیزی کا راستہ اختیار کریں گے اس کا نقصان ان کے اپنے لوگوں کو ہوگا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید