کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ میں 2 برادریوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق واقعہ ملیر میمن گوٹھ کے علاقے درسانوں چھنوں میں زمین کے تنازع پر پیش آیا، پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا اور اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق پلاٹ پر حق ملکیت کے تنازع پر 2 گروپوں میں فائرنگ ہوئی ہے، تصادم جوکھیوں اور حیدری فقیر گروپ کے درمیان ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر رہی ہے، واقعہ میں 2 افراد موقع پر ہلاک اور 8 افراد زخمی ہوئے جبکہ 2 افراد اسپتال پہنچائے جانے کے دوران ہلاک ہوئے۔
ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں دونوں برادریوں کے افراد شامل ہیں، دونوں برادریوں میں علاقے میں چوری کی وارداتوں پر بھی تنازع چلا آرہا ہے، جوکھیو برادری کے افراد کا الزام تھا حیدری فقیر برادری کے چند نوجوان ان وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق جو کھیو برادری نے مخالف برادری کے لوگوں کو جرائم پیشہ افراد کو علاقے سے نکالنے کا مطالبہ کیا تھا، ڈیڑھ سال سے جاری اسی تنازع پر دونوں گروہوں میں مسلح تصادم ہوگیا۔
ایس ایس پی کے مطابق پولیس کی نفری نے صورتحال کنٹرول کرلی، مسلح تصادم میں ملوث افراد کی تلاش اور شناخت کا عمل شروع کردیا گیا۔
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ پولیس نے دونوں گروپوں کے 15 سے زائد ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ جن سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔
عرفان بہادر کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے۔