ملتان (سٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر گذشتہ 69سال سے مسلط حکمران طبقہ عوام کا نہیں،امریکا کاوفادارہے ، لیٹروں اور حکمران طبقے کی کرپشن اور لوٹ کھسوٹ نے ملک اور ہماری آنے والی نسلوں کو آئی ایم ایف اور امریکہ کے قرضوں میں جکڑدیاہے، لیٹروں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں دیکھنا چاہتاہوں ،عوام کو ساتھ دیناہوگا،زرداری کی پالیسیاں پرویز مشرف کی پالیسیوں کا تسلسل تھا اور نواز شریف کی پالیسیاں زرداری کی پالیسیوں کا تسلسل ہے،ہم چھوٹے بڑے سب چوروں کا احتساب چاہتے ہیں ،پاناما لیکس تو بہت چھوٹی سی بات ہے معاملہ بہت آگے بڑھ چکا ہے،بیوروکریسی اور چھوٹے لیول کے افسران کے گھروں کے قالینوں اور پانی کی ٹینکیوں سے خزانے برآمد ہورہے ہیں ، اگر حکومت نے کرپشن فری پاکستان تحریک کا نوٹس نہ لیااورکرپشن کے خاتمے کیلئے متفقہ ٹی او آرز پر عملدرآمدنہ کیاتو پھرعوام کوجھونپڑیوں اور گاؤں گاؤں سے نکال کر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرونگا، انگریز کی وفادار اشرافیہ کے پاس عوام کیلئے کوئی وقت نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولوگراؤنڈ چترال میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جلسہ سے امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان ،ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ ،ضلعی ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ،سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبرچترالی اورمولانا جمشیداحمد نے بھی خطاب کیا۔