• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سدھو موسے والا کا قتل، سلمان خان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی

ممبئی (این این آئی)بھارتی معروف گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو المعروف سدھو موسے والا کے قتل کے بعد ممبئی پولیس کی جانب سے سپر سٹار سلمان خان کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا کے قتل کے بعد گینگسٹر لارینس بشنوئی کی جانب سے سلمان خان کو بھی موت کے گھاٹ اتارے جانے کا خدشہ ہے جس کے پیشِ نظر ممبئی پولیس نے سلمان خان کی سیکیورٹی میں پہلے سے زیادہ اضافہ کر دیا ہے۔بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممبئی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سلمان خان کے گھر اور ان کے گرد سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے، اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ سلمان خان کے گھر کے باہر کسی قسم کی کوئی مشکوک حرکت نہ ہو۔بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کرنے والے گینگ کے سرغنہ لارنس بشنوئی کی جانب سے 2018میں سلمان خان کو بھی مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔بھارتی گلوکار اور مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما سدھو موسے والا کو 29مئی کو بھارتی پنجاب میں قتل کردیا گیا تھا۔انہیں قتل کرنے کی ذمہ داری کینیڈین نڑاد بھارتی دہشت گرد گولڈی برار نے قبول کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ ان کے گینگ نے ہی سدھو موسے والا کو قتل کیا۔گولڈی برار خطرناک دہشت گرد لارنس بشنوئی کے گینگ کا کارندہ ہے اور دونوں گینگ کے سربراہ ہیں۔لارنس بشنوئی وہی دہشت گرد ہیں، جنہوں نے 2018میں سلمان خان کو جودھپور میں قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔لارنس بشنوئی نے اس وقت کہا تھا کہ وہ سلمان خان کو راجستھان کے شہر جودھپور میں دورے کے دوران ہلاک کروادیں گے، جس کے بعد دبنگ ہیرو کی سیکیورٹی سخت کردی گئی تھی۔

دل لگی سے مزید