پاکستان فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی فائیو کھیلنے کے لیے سوئٹزرلینڈ تو پہنچ گئی ہے، لیکن اس کے پاس سامان نہیں ہے۔
قومی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی فائیو میں شرکت کے لیے لوزین پہنچ چکی ہے، پاکستان ہاکی ٹیم کا سامان دوحا سے لوزین نہیں پہنچا۔
پاکستان ٹیم کو آج ٹریننگ میں حصہ لینا تھا جبکہ ہفتے سے دو روزہ ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گا، لیکن پاکستان فائیو اے سائیڈ گزشتہ روز لاہور سے براستہ دوحا لوزین کے لئے روانہ ہوئی۔
لوزین پہنچنے کے بعد ان کا سامان نہیں پہنچ سکا، اسکواڈ کی ہاکی اور دیگر سامان کی ایک ساتھ بکنگ کرائی گئی تھی۔
ساؤتھ افریقہ کی ویمن ہاکی ٹیم بھی دوحا سے لوزین اسی فلائٹ پر تھی، اس کا سامان بھی نہیں پہنچا۔
ہیڈ کوچ ریحان بٹ کا کہنا ہے کہ اس وقت صورتحال پریشانی کا باعث ہے، ائیر لائن کو شکایت درج کراچکے ہیں لیکن سامان ٹریک نہیں ہو رہا، ایف آئی ایچ بھی کوشش کررہی ہے ممکن ہے کہ جلد ہاکی اسٹکس مہیا کردی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اپنے سامان کے ساتھ کھیلنے کے عادی ہیں، کھلاڑیوں کو ٹریننگ اور میچ میں مشکل پیش آسکتی ہے۔