ممبئی(این این آئی) بھارت کے مشہور پنجابی گلوکار میکا سنگھ نے کہا ہے کہ سدھو موسے والا کے قتل کا واقعہ تمام پنجابی گلوکاروں کیلئے ویک اپ کال ہونی چاہئے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سدھو موسے والا کے قتل کے بعد معروف گلوکار میکا سنگھ نے پنجابی گلوکاروں کو لاحق خطرات سے آگاہ کردیا ہے، سدھو موسے والا کے قتل افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سلیبریٹیز کو گینگسٹرز سے خطرات لاحق ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں ہر کوئی اس المناک حادثے کے بعد صدمے کا شکار ہے، تاہم میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ یہ صرف سدھو نہیں تھے جنہیں دھمکیاں مل رہی تھیں، بلکہ گِپی گریوال اور منکریت اولکھ سمیت بے شمار پنجابی گلوکاروں کو دھکمیاں ملی ہیں۔انہوں نے بھارتی گلوکاروں اور اداکاروں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سدھو موسے والا کے قتل کا واقعہ ہر ایک کے لیے ویک اپ کال ہونی چاہیے۔میکا سنگھ نے کہا کہ گینگسٹر پیسے طلب کرتے ہیں اور جو پیسے دے دیتا ہے وہ ٹھیک، نہیں تو دوسروں کو اسی قسم کی دھمکیاں ملتی ہیں کہ جان سے گئے، بہت سارے لوگ پریشان ہیں، جیسے ہی آپ ہِٹ ہوتے ہیں، یا شوز چلنا شروع ہوتے ہیں، ساتھ ہی دھمکیاں آنا شروع ہوجاتی ہیں۔بھارتی گلوکار نے کہا کہ اس سے قبل ہم ممبئی کے انڈرورلڈ کا نام سنتے تھے، اور اب وہ انڈرورلڈ پنجاب میں بھی شروع ہوگیا ہے، جوکہ بہت غلط پیغام ہے۔ مجھے اس بات کا افسوس رہے گا کہ میں مئی میں سدھو موسے والا سے ہونیوالی آخری ملاقات میں انہیں ممبئی منتقل ہونے کا نہیں کہہ سکا۔انہوں نے کہا کہ جب وہ مجھے ممبئی میں ملنے آئے تو وہ بہت خوش تھے کہ وہ ایئرپورٹ سے تنہا سفر کر کے میرے گھر پہنچے تھے۔انہوں نے مجھ سے پوچھا تھا کہ مجھے ان خطرات سے کیسے نمٹنا چاہیے؟ اور اب مجھے مایوسی ہو رہی ہے کہ میں نے انہیں ممبئی منتقل ہونے کا مشورہ نہیں دیا۔میکا سنگھ بتایا کہ حال ہی میں گِپی کی فلم بہت کامیاب رہی ہے اور اس کے بعد انہیں دھمکی مل گئی اور ان کی سکیورٹی سخت کردی گئی۔