سکھر(بیور ورپورٹ)میران شاہ میںتربیت حاصل کرنے وا لے انتہائی خطرناک دہشتگرد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ4، ہوان گرنیڈ6، خودکش جیکٹ کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان ، 2کلو بارود ،وائر اور بال بیرنگ برآمد کر لئے گئے۔ گرفتار دہشتگرد پنجاب رجمنٹ مردان خودکش دھماکے اور شکارپور میں ڈاکٹر ابراہیم جتوئی پر ہونے والے خودکش حملے میں بھی ملوث ہے ۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک طالبان پاکستان کے ایک خطرناک دہشتگرد عبدالجبار سومرو کو باگڑجی کچے کے علاقے سے 28مئی کو گرفتار کیا ہے، دہشتگرد ضلع شکارپور کے علاقے خان پور کا رہائشی ہے اور بظاہر وہ ضلع نوشہروفیروز کے ایک علاقے میں پیش امام تھا، ملزم کی عمر 35سال بتائی جاتی ہے، گرفتار ہونے والا انتہائی خطرناک دہشتگرد لوگوں کا برین واش کرتا تھا اور دہشتگردوں کا سہولت کار ہونے کے ساتھ ساتھ خود بھی تحریک طالبان پاکستان کے گروپ ’’غلبہ اسلام ‘‘سے وابستہ ہے ، گرفتار دہشتگرد سے ابتدائی معلومات کےمطابق مذکورہ دہشتگردنے 2004ء میں کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر نور خان کی سربراہی میں میران شاہ کے کیمپ میں 3ماہ اسلحہ چلانے کی ٹریننگ حاصل کی اور پھر 2004سے 2007تک گرفتار ملزم نے کبیروالا کے ایک مدرسہ میں نوجوان طالب علموں کو دہشتگردی میں استعمال کرنے کے لئے ذہن سازی کرنے کی ٹریننگ حاصل کی ، اس ذہن سازی کی ٹریننگ کے بعد اس نے سکھر کے ایک مدرسے سے دہشتگرد و اسلحہ کی ٹریننگ کے لئے نوجوان طالب علموں کو میران شاہ بھجوایا۔گرفتار دہشتگرد سے مختلف اقسام کے بھاری ہتھیار برآمد ہوئے ہیں جو دہشتگردی کے واقعے میں استعمال کئے جانے تھے۔ خطرناک دہشتگرد کے گرفتار ہونے کے بعد سکھر میں کسی بھی ممکنہ دہشتگردی کے واقعے کو پولیس اور حساس ادا رو ں نے مشترکہ کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا ہے۔، ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم 2010ء میں شکارپور میں ڈاکٹر ابراہیم جتوئی پر ہونے والے خودکش حملہ آور حکیم پندرانی بروہی کا سہولت کار تھا۔گرفتار ملزم خود بھی خود کش بمبار کی ٹریننگ حاصل کر چکا ہے ، گرفتار ملزم اور اس کے ایک خود کش بمبار ساتھی نے پنجاب رجمنٹ مردان میں خودکش دھماکے کی پلاننگ کی اور بعد ازاں خود کش بمبار اجمل اعوان نے خود کو ادارے کی کینٹین کے پاس دھماکے سے اڑادیا اور گرفتار ملزم وہاں سے بھاگ گیا۔ گرفتار ملزم عبدالجبار سومرو گرفتاری سے قبل کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر نور خان سے رابطے میں تھا اور مختلف مدرسوں کے طالب علموں کی ذہن سازی کر کے دہشتگردی کے لئے کمانڈور نور خان کے کیمپ میران شاہ بھیجتا رہا ہے۔ ایس ایس پی سکھر نے بتایا کہ ملزم انتہائی خطرناک دہشتگرد ہے کچھ باتیں ایسی ہیں جو ہم منظر عام پرنہیں لاسکتے ۔پولیس نے اس موقع پر ملزم سے برآمد ہونے والے ہینڈ گرنیڈ4، ہوان گرنیڈ6، خودکش جیکٹ کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان ، 2کلو بارود اورایکسکلوزووائر اور بال بیرنگ سمیت دیگر سامان دکھایا اور ملزم کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے ہمراہ ایس ایس پی اسپیشل برانچ منصور مغل نے بھی دہشتگر دی میں استعمال ہونے والے مواد کے حوالے سے میڈیا کو مختصر بریفنگ دی۔