پاکستان ویمنز ہاکی ٹیم کی کھلاڑی افشاں نورین پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) پر برس پڑیں، انہوں نے حکومت سے ویمنز ٹیم کے دورے کروانے کا بھی مطالبہ کردیا۔
میڈیا سے گفتگو میں افشاں نورین کا کہنا تھا کہ کیا قومی کھیل ہاکی صرف مردوں کے لیے ہے؟ کیا یہ خواتین کے لیے قومی کھیل نہیں ہے؟
انہوں نے کہا کہ جب بھی ہم ہاکی کی بہتری کی جانب جاتے ہیں تو صرف مینز ٹیم کے ہی ٹور کرواتے ہیں اور انہی پر توجہ دیتے ہیں۔
ویمنز ہاکی ٹیم کی کھلاڑی نے بتایا کہ فیڈریشن نے ایشیاکپ کوالیفائنگ راؤنڈ کا اچھا موقع ضائع کردیا، اس میں قومی ویمنز ٹیم ہمیشہ جاتی رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن ہمیں پیچھے کھیچنے میں لگی ہوئی ہے، اگر فیڈریشن نے صرف مینز ہاکی پر ہی توجہ دینی ہے تو ویمنز ٹیم بند کردیں۔
افشاں نورین کا کہنا تھا کہ اس سے زیادہ اور کیا برا ہوگا کہ 3 سال سے کوئی ٹور ہی نہیں کیا، جبکہ آنے والے وقت کا بھی کچھ پتہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہاکی قومی کھیل ہے، اسے نہیں چھوڑ سکتے، حکومت سے درخواست ہے کہ ویمنز ٹیم کے بھی ٹور کروائے جائیں اور کیمپس لگیں۔