• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس والوں نے مجھ پر ڈنڈے برسا دیے تھے، یاسمین راشد

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ میں نے پولیس سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس والوں نے ڈنڈے برسا دیے تھے۔

لاہور کی سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ 25 مئی کو پولیس نے ڈنڈوں سے میری گاڑی کے شیشے توڑے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی پولیس گردی میں نے آج تک نہیں دیکھی، مجھے تو وہ افراد پولیس والے لگ ہی نہیں رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر کٹوانے گئی تو ایس ایچ او نے کہا کہ اوپر سے آرڈر ہیں، ایف آئی آر درج نہیں کرسکتے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہمارے تین ورکرز شہید کردیے گئے، ہم اپنے ہر ورکر کا حساب لیں گے، تم سمجھتے تھے پی ٹی آئی ممی ڈیڈی پارٹی ہے، یہ ممی ڈیڈی پارٹی نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کی رہنما نے کہا کہ ہم پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، ہم غیرت والے لوگ ہیں، ہم کسی کے غلام نہیں، پاکستان کی سالمیت کے لیے نکلے ہیں، ہم مسلسل جدوجہد کریں گے، چاہے اس میں ہماری جان بھی چلی جائے۔

انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو جو بربریت اور غنڈہ گردی پولیس نے کی وہ سب میڈیا والوں نے دیکھی، مجھے اور میری بیٹی کو گاڑی سے اتارنے کی کوشش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ میری عمر دیکھیں مجھ پر دہشت گردی کی دفعات درج کی گئی، رانا ثنا اللّٰہ کو اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں سزا مل جاتی تو وہ ایسی حرکتیں نہ کرتے۔

خیال رہے کہ 25 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ہونے والے لانگ مارچ کے دوران پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی گاڑی  کے شیشے توڑ دیئے تھے۔

قومی خبریں سے مزید