کراچی(اسٹاف رپورٹر)ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کے بعد پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ون ڈے رینکنگ میں بھارت سے آگے نکل گیا ہے۔پیر کوآئی سی سی نے ون ڈے ٹیم کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے۔بابر اعظم کی قیادت میں ٹیم پاکستان 106پوائنٹس کیساتھ چوتھے نمبر پر آگئی ہے، بھارتی ٹیم ایک پوائنٹ کے فرق سے پانچویں پوزیشن پر چلی گئی۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چھٹی بار سیریز میں کلین سوئپ مکمل کیااور بابر کی کپتانی میں چوتھی ون ڈے سیریز اپنے نام کی۔اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقا،زمبابوے اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتی تھی۔پاکستان نے اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک سیریز ویسٹ انڈیز،ایک کینیڈا،دو متحدہ عرب امارات اور ایک پاکستان میں تمام میچ جیتے تھے۔رینکنگ میں نیوزی لینڈ 125پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے اور انگلینڈ 124پوائنٹس لیکر دوسرے جبکہ آسٹریلیا 107پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم تین ون ڈے کھیلنے کے بعد پیر کی صبح وطن واپس روانہ ہوگئی۔پی سی بی ترجمان کے مطابق مہمان ٹیم ملتان سے خصوصی طیارے کے ذریعے صبح اسلام آباد پہنچی جہاں سے اس نے اپنے دیس کی اڑان بھری۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے سیریز کیلئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔