راولپنڈی (جنگ نیوز) پاک فضائیہ کے زیر اہتمام پاکستان اسکواش فیڈریشن اور سرینا ہوٹلز کے اشتراک سے چیف آف ائیر اسٹاف سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ 2024 مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ ٹورنامنٹ میں مصر، انگلینڈ، ہانگ کانگ، آئرلینڈ، کویت، ملائیشیا، نیدرلینڈز اور پاکستان سمیت 8؍ ملکوں کے 24 کھلاڑی شامل تھے جن میں مقابلہ ہوا۔ ائیر مارشل شکیل غضنفر ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (پرسنل) نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور جیتنے اور دوسرے نمبر پر آنے والوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کیے۔ فائنل میچ میں پاکستان کے نور زمان نے پاکستان کے ناصر اقبال کو 3-0 کے گیم اسکور سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے غیر معمولی مہارت اور کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے کو شائقین اور شرکاء کیلئے یادگار بنا دیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے چیمپیئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ نہ صرف ہمارے پاکستانی کھلاڑیوں بلکہ ہمارے بین الاقوامی شرکاء کے اسکواش کے کھیل کیلئے ٹیلنٹ، لگن اور جذبے کا ثبوت ہے۔ پاکستان ایئر فورس ہر سطح پر اسکواش کی پرورش اور فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ چیف آف دی ایئر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ اسکواش کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اور نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے کیلئے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ مسلسل حمایت اور لگن سے پاک فضائیہ اسکواش میں پاکستان کی میراث کی بحالی کیلئے پرعزم ہے۔