کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایسے وقت میں جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی چیمپنز ٹرافی پر ڈیڈ لاک کی صورتحال ہے، پاکستان کی جونیئر ٹیم نے بھارت کو انڈر19ایشیا کپ کے میچ میں شکست دے کر اپنی بالادستی ثابت کی۔ ہفتےکو دبئی میں انڈر19ایشیا کپ، پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 43رنز سے شکست دیدی ۔مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب خان نے147گیندوں پر159رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میںدس چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ شاہ زیب خان نے پہلی وکٹ پر عثمان خان کے ساتھ 160رنز کا اضافہ کیا۔ عثمان خان نےچھ چوکوں کی مدد سے94گیندوں پر60رنز بنائے۔ دبئی انٹرنیشل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 281رنز بنائے پاکستان کی جانب سے شاہ زیب خان نے اننگز کھیلی۔ بھارت کی جانب سے سمرتھ ناگراج نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 47.1اوورز میں 238رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ بھارت کی جانب سے نکھل کمار67 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے علی رضا نے تین جبکہ عبد السبحان اور فہم الحق خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاندار کھیل پیش کرنے پر شاہ زیب خان کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔