کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240کورنگی میں ضمنی انتخاب کی پولنگ کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، انتخابی مہم منگل کی رات 12 ختم ہوگئی، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سید ندیم حیدر نے کہاہے کہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کے تحت پولیس کے جوانوں کی تعیناتی تمام پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ہوگی۔جبکہ رینجرز حلقہ میں کوئیک ریسپانس فورس کے تحت موجود رہے گی، جس کے انتظامات مکمل ہوچکے ہیں، ضمنی انتخاب میں 25 امیدوار ہیں تاہم اصل مقابلہ ایم کیوایم ، پیپلزپارٹی ، تحریک لبیک اور پاک سرزمین پارٹی مابین متوقع ہے ، تحریک انصاف نے بائیکاٹ کا اعلان ، جبکہ جماعت اسلامی اے این پی ۔جے یو آئی نے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا ہے، ایم کیوایم ، تحریک لبیک اور پی ایس پی میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔ پولنگ 16جون کو (کل )صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی اور صوبائی الیکشن کمشنر سندھ جناب اعجاز انور چوہان کے مطابق ضمنی انتخاب میں5لاکھ29ہزار 855 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ، جن میں مرد 2لاکھ94ہزار385، جبکہ خواتین 2لاکھ 35ہزار 470ہیں۔ پولنگ کیلئے 309پولنگ اسٹیشنز اور 1236پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ 203 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس اور 106 کو حساس قراردیا گیاہے۔