پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی پی سینیٹر کی وفات کے چوتھے روز ہی شیڈول دے کر جلد بازی کی۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سینیٹر ڈاکٹر سکندر میندھرو کی تدفین کا ہی انتظار کر لیتا، ایک دو روز اوپر نیچے ہو جانے سے کونسا آئینی بحران کھڑا ہو جانا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اُمید ہے چیف الیکشن کمشنر اس کا نوٹس لے کر ظرف کا مظاہرہ کریں گے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر سکندر میندھرو کے انتقال سے خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر الیکشن کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ 6 جولائی کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی 17 سے 20 جون تک جمع کرائے جاسکیں گے۔