ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ کے ٹریجڈی کنگ دلیپ کمار کو دنیا سے رخصت ہوئے ایک سال ہونے والا ہے۔ 7 جولائی 2021 کو وہ دنیا کو الوداع کہہ گئے تھے۔ دلیپ کمار کے جانے کے بعد سے سایہ بن کر ان کے ساتھ رہنے والی ان کی اہلیہ سائرہ بانو بے حد غمگین رہتی ہیں۔ ہر لمحہ انہیں اب وہ اپنی یادوں میں بسائے رکھتی ہیں۔ حال ہی میں سائرہ بانو، دلیپ کمار کی جانب سے ‘بھارت رتن ڈاکٹر امبیڈکر ایوارڈ‘ لینے پہنچیں، جہاں اپنے صاحب کویاد کرکے ایک بار پھر ان کی آنکھیں نم ہوگئیں۔دلیپ کمار کو حال ہی میں ’بھارت رتن ڈاکٹر امبیڈکر ایوارڈ‘ کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔ آزادی کے امرت مہوتسو میں اس ایوارڈ کو لینے کے لئے سائرہ بانو پہنچیں۔ دلیپ کمار کو اپنا ’کوہ نور‘ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ آنجہانی اداکار کو بھارت رتن سے سرفراز کیا جانا چاہئے۔پیپراجی ورل بھیانی نے اس تقریب کا ایک ویڈیو شیئر کیا ہے، جس میں سائرہ بانو مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے سے دلیپ کمار کے لئے یہ ایوارڈ لیتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ ویڈیو میں رام داس اٹھاولے جیسے ہی دلیپ کمار کے بارے میں بات کی، وہ ٹوٹ گئیں اور اپنے آنکھوں کے آنسووں کو روک نہیں پائیں۔ سائرہ بانو نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ انہیں پروگراموں میں شامل ہونا پسند نہیں ہے، کیونکہ اس سے وہ جذباتی ہو جاتی ہیں۔تقریب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سائرہ بانو نے کہا کہ انہیں لگتا ہےکہ دلیپ اب بھی ان کے قریب ہیں اور سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔ مرحوم اداکار کے لئے بھارت رتن کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، ’ایسا ہونا چاہئے، کیونکہ دلیپ کمار بھارت کے لئے ’کوہ نور‘ رہے ہیں۔ اس لئے ‘کوہ نور‘ کو یقینی طور پر ’بھارت رتن‘ ملنا چاہئے‘۔