میرپور(این این آئی)سابق وزیر داخلہ و پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رحمن ملک نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،خود کو بڑا سیاستدان سمجھنے والوں کی سیاست ختم ہو جائے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پہلے بھی انتقام کا نشانہ بنایا گیا آج بھی بنایا جا رہا ہے۔ہمارے دوسابق وزرائے اعظم کے خلاف ابھی بھی کیسز چل رہے ہیں۔اس ملک میں جو بھی قانون بنتا ہے وہ پیپلز پارٹی پر ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر پیپلز پارٹی کا یا بلاول بھٹو کا موقف بدلا نہیں ٗبلاول نے استعفیٰ مانگا تھا اب بھی قائم ہیں۔بلاول کی سرگرمیوں سے بڑے بڑے سیاسی رہنما گھبرائے ہوئے ہیں۔بہت سے لوگوں کو بلاول سے تکلیف ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ آصف زردای نے کبھی چپ کا روزہ نہیں رکھا وہ بیان دیتے رہتے ہیں۔پانا ما لیکس کے حوالے سے رحمن ملک نے کہا کہ پاناما لیکس میں پیپلز پارٹی کے کسی رہنما کا نام نہیں البتہ تحقیقات کیلئے حاضر ہیں،کمیشن نے پیپلز پارٹی ارکان کو بلایا تو حاضر ہوں گا۔انہوں نے وزیراعظم نوازشریف کی صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی تندرستی کیلئے بلاول سمیت سب دعاگو ہیں۔