• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کا غرور خاک میں ملایا، پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتے 5 سال ہوگئے، یادیں تاحال تازہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتے ہوئے پانچ سال ہوگئے، تاہم اس شاندار فتح کی یادیں اب بھی تازہ ہیں۔ فائنل میں گرین شرٹس نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا تھا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹرافی جیتنا ہمارے لئے ایک یادگار لمحہ تھا جن کو کبھی بھول نہیں پائوں گا، تمام کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی لیکن اوول کے فائنل میں فخرزمان کی سنچری اور محمد عامر کا اسپیل ہمیشہ یاد رہے گا کیونکہ ایسی شاندار بولنگ بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔ یہ میچ وننگ کارکردگی تھی۔ ہفتے کو پاکستان کی اس تاریخی جیت کو پانچ سال مکمل ہوگئے۔ اس حوالے سے پی سی بی نے سابق کپتان سرفراز احمد اور شاداب خان کی ویڈیو جاری کردی شاداب ٹورنامنٹ میں پاکستان کے کم عمر کھلاڑی تھے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں سرفراز احمد نے کہا ہے کہ آج پاکستان ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی جیتے پانچ سال ہو گئے، اس حوالے سے یادیں بہت زیادہ ہیں۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 2017 میں آج کے دن بھارت کو ہرا کر چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی، تمام کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ٹورنامنٹ میں ہمارے سفر کا آغاز بھارت کے خلاف میچ سے ہوا تھا، اس میچ کے بعد ہم سب مل کر بیٹھے اور سینئرز نے بہت کچھ شیئر کیا۔سرفراز احمد نے سابق ہیڈکوچ مکی آرتھر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجھ سمیت تمام کرکٹرز کو ساتھ لے کر چلے، بھارت کے خلاف پہلے میچ کی نسبت فائنل میں بھارت کے خلاف ہم زیادہ اعتماد ہوکر میدان میں اترے اور ٹیم نے فتح سمیٹی۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم میٹنگ میں صرف یہ بات ہوئی کہ کامیابی کے لیے پازٹیو مائنڈ اور زبردست کمبی نیشن کے ساتھ کھیلنا ہے، اظہر علی نے بطور سینئر کھلاڑی اپنا کردار ادا کیا۔ہماری قسمت اچھی تھی کہ جب فخر زمان آؤٹ ہوئے تو وہ نوبال تھی، جس کے بعد انہوں نےزندگی کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے میچ میں سنچری بنائی اور ہماری پوزیشن مستحکم ہوگئی۔ فائنل میں روایتی حریف کے خلاف پوری ٹیم نے جان ماری اور اللہ نے پاکستان کو عزت دی۔

اسپورٹس سے مزید