• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب: اسپیکر نے گورنر کا آرڈیننس چیلنج کر دیا، آج ہی سماعت مقرر

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن —فائل فوٹو
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن —فائل فوٹو

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کا اسمبلی سے متعلق آرڈیننس لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا، عدالت نے درخواست کی سماعت آج ہی مقرر کر لی۔

عدالتِ عالیہ میں دائر کی گئی درخواست میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے آرڈیننس کو آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم کرنے کی استدعا کی ہے۔

درخواست گزار اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ گورنر پنجاب نے 14 جون کو اسمبلی سے متعلق آرڈیننس جاری کیا تھا، گورنر نے پنجاب لاز ریپلنگ اینڈ ڈیفیکلٹی آرڈیننس جاری کیا، اس آرڈیننس سے سیکریٹری اسمبلی کے اختیارات محدود کر دیے گئے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس آرڈیننس کے ذریعے اجلاس نوٹیفائی، ڈی نوٹیفائی کرنے کا اختیار سیکریٹری قانون کو دے دیا گیا ہے، گورنر کا جاری کردہ آرڈیننس اختیار رولز آف اسمبلی سے متصادم ہے۔

درخواست گزار اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی ہے کہ گورنر پنجاب کا جاری کردہ آرڈیننس آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔

درخواست کی سماعت آج ہی ہو گی

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کر لی۔

جسٹس ساجد محمود سیٹھی کچھ دیر بعد کیس کی سماعت کریں گے۔

اسپیکر کی فوری حکمِ امتناع جاری کرنے کی استدعا رد

عدالت نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی گورنر کے آرڈیننس کے خلاف فوری حکمِ امتناع جاری کرنے کی استدعا رد کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے طلب کر لیا۔

عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے 24 جون کو جواب طلب کر لیا۔

جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ریمارکس میں کہا کہ ہم نے حلف لیا ہوا ہے، اسی کے مطابق کیس کی سماعت کریں گے، جواب آ جائے پھر فیصلہ کر دیں گے۔

قومی خبریں سے مزید