پاکستان کی باصلاحیت فاسٹ باؤلرز کی نہ ختم ہونے والی سپلائی لائن نے عالمی کرکٹ میں بڑے فاسٹ بولرز متعارف کروائے جن میں سے کچھ لیجنڈز بن گئے جبکہ کچھ کیریئر کے ابتداء میں ہی مختلف وجوہات کا شکار ہوکر گمنامی کے اندھیروں میں کھو گئے۔
ان میں سے ایک جو بڑی بلندیوں پر پہنچے وہ وسیم اکرم تھے، اپنی بائیں ہاتھ کی رفتار سے وسیم اکرم نے حریف بلے بازوں کو مسحور کر دیا۔ 104 ٹیسٹ میں انہوں نے 414 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 356 ون ڈے میچوں میں 502 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے وقار یونس کے ساتھ ایک مہلک فاسٹ باؤلنگ جوڑی بھی بنائی اور پاکستان کرکٹ کو کئی یادگار لمحات دیے۔
اب وسیم اکرم نے یوٹیوب کے ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر کوئی محمد آصف کی تعریف کرتا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ٹیلنٹ ضائع ہوا ہے‘۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ’ہم نے محمد آصف جیسا باؤلر طویل عرصے بعد دیکھا تھا کہ جو گیند کو دونوں طرف سوئنگ کر سکتا تھا لیکن جس طرح محمد آصف کا کیریئر تباہ ہوا وہ ہم سب کے لیے بہت بدقسمتی کی بات ہے‘۔
وسیم اکرم نے کہا کہ ’محمد آصف چھوٹا تھا، اُن سے کم عُمری میں بڑی غلطی ہوگئی تھی‘۔
واضح رہے کہ محمد آصف نے پاکستان کے لیے صرف 23 ٹیسٹ کھیلے اور 106 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 38 ون ڈے بھی کھیلے اور 46 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم 2010 میں ایک ٹیسٹ میچ کے دوران اسپاٹ فکسنگ کے الزام کے بعد ان کا کیریئر ختم ہو گیا۔