• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنی گالہ ہاؤس سے خاکروب کی گرفتاری پر اسلام آباد پولیس کا موقف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ ہاؤس سے گرفتار شخص کے معاملے پر اسلام آباد پولیس کا موقف سامنے آگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بنی گالہ کے بیریئر سے پولیس کے حوالے کیا گیا شخص عاشر سیکٹر جی 8 کا رہائشی ہے، وہ بطور خاکروب 5 سال سے بنی گالہ ہاؤس کا ملازم ہے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، شہباز گل یا بنی گالہ ہاؤس سے کسی نے اس شخص سے متعلق معلومات نہیں دیں۔

پولیس کے مطابق اس شخص نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ شہباز گل اور عمران خان کے ملازمین نے 2 روز سے حبس بےجا میں رکھا ہوا تھا، عمران خان کی رہائش گاہ پر تعینات گلگت بلتستان پولیس کے اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

اس شخص کی جانب سے  پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا گیا کہ موبائل، شناختی کارڈ شہباز گل نے واپس نہیں کیا۔

پولیس حکام کے مطابق عمران خان کے کسی نمائندے یا پی ٹی آئی رہنما نے واقعے سے متعلق پولیس کو کوئی اطلاع یا درخواست نہیں دی، عمران خان یا ان کے ملازمین درخواست نہیں دیتے تو پولیس کیسے کوئی کارروائی کرسکتی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ یہ شخص تشدد، موبائل اور پرس وغیرہ واپس لینے کی درخواست دے تو کارروائی کریں گے، بنی گالہ ہاؤس میں تعینات ملازمین کی لسٹ ابھی تک فراہم نہیں کی گئی۔

 اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملازمین کی لسٹ دینے کے حوالے سے عمران خان سے متعدد بار درخواست کی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بنی گالہ ہاؤس میں کام کرنے والے ملازمین کی شناخت ایک چیلنج ہے، جب تک ملازمین کی مکمل لسٹ فراہم نہیں کی جاتی ان کا بیک گراؤنڈ معلوم نہیں کیا جاسکتا۔

قومی خبریں سے مزید