• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل باجوہ کیلئے سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز، سعودی ولی عہد سے ملاقات، دفاعی و انسداد دہشتگردی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

جدہ‘راولپنڈی(شاہدنعیم‘ایجنسیاں)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔

دفاعی تعاون میں اہم کردار ادا کرنے پر چیف آف آرمی اسٹاف کومملکت کے اعلیٰ ترین اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق دورہ کے دوران آرمی چیف نے سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے بھی ملاقات کی۔

جنرل باجوہ کیلئے سعودی عرب کا اعلیٰ ترین اعزاز


ملاقاتوں میں مشترکہ تربیت،فضائی دفاع، انسداد دہشت گردی، مواصلات اور اطلاعات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا‘خطے میں امن واستحکام اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق باہمی تعلقات اور عسکری شعبہ میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلامی دنیا میں سعودی عرب کے منفرد مقام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے تاریخی اوربرادرانہ تعلقات کو قدرکی نگاہ سےدیکھتا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو دوستی اور مشترکہ تعاون کے بندھن کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں نمایاں کاوشوں پرکنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنیٹ کلاس سے نوازا ۔

 ادھروزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات کی مضبوطی کیلئے کردار پر شاہ عبدالعزیز میڈل حاصل کرنے پر بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باوجوہ کو دلی مبارکباد دی ہے۔

اتوار کو اپنے بیانمیں انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں۔ہمارا عزم ہے کہ شاندار دفاعی تعاون سمیت کثیر الجہتی باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید