کراچی (این این آئی)سپریم کورٹ نے برطرفی کیخلاف حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی(ایچ ڈی اے )کے ملازمین کی درخواست مسترد کردی ۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ صدراورگورنر کے پیکج پر نوکریاں دیکر قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں ‘سرکاری ادارے ملازمین کو پال رہے ہیں‘ ان کو بٹھا کر تنخواہیں دی جارہی ہیں۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر پر مشتمل بینچ نے حیدر آباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کنٹریکٹ ملازمین کو برخاست کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ میں کنٹریکٹ ملازم نہیں، ریگولر ملازم تھا۔ حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا ملازم تھا۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ کے تقرر میں تمام ضابطہ کار کو فالو کیا گیا تھا۔