• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: بجلی بندش پر احتجاج،پولیس مظاہرین میں جھڑپیں

کراچی میں ماڑی پور روڈ پر بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنیوالے مظاہرین پر پولیس کا لاٹھی چارج، مظاہرین نے بھی پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا، جیو نیوز کے رپورٹر کاشف مشتاق بھی پتھر لگنے سے زخمی ہوگئے۔

پولیس کے ایکشن کے بعد مظاہرین اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین ماڑی پور روڈ کے ارد گرد کی گلیوں میں چلے جاتے ہیں پولیس پر پتھراؤ کرتے اور پھر واپس سڑک پر آجاتے ہیں۔

اس صورتحال کے دوران موقع پر رپورٹنگ کے لیے موجود جیو نیوز کے رپورٹر کاشف مشتاق بھی پتھر لگنے سے زخمی ہوئے ہیں، پولیس کی جانب سے بھی مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا جارہا ہے۔

بجلی کی عدم دستیابی کے بعد طلبہ مظاہرے سے بھی متاثر ہوئے، روڈ بلاک ہونے کے باعث کئی طالب علم امتحانات دینے نہ جاسکے۔

واضح رہے کہ ماڑی پور میں علاقہ مکینوں کی جانب سے بجلی کی بندش کے خلاف کل سے جاری احتجاج کے باعث سڑک پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں، پولیس اور رینجرز کی مظاہرین سے مذاکرات کی کوششں بھی کی گئی۔

مظاہرین نے بجلی کی فراہمی تک احتجاج ختم کرنے سے انکار کر دیا، گزشتہ روز سے جاری احتجاج کو 18 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

احتجاج کے سبب آئی سی آئی پل سے لیاری ایکسپریس وے جانے والے روڈ پر ٹریفک معطل ہے، جبکہ آئی سی آئی پل سے ماڑی پور اور سائٹ ایریا جانے والا ٹریفک بھی معطل ہے۔

ٹریفک پولیس کا عملہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے موقع پر موجود ہے، مگر گزشتہ روز سے جاری احتجاج کے سبب ٹریفک جام کا دائرہ مزید وسیع ہوتا جارہا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ علاقہ پولیس مظاہرین سے مذاکرات کر رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید