• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہناز احد کی تحریروں کا مجموعہ ”مسافتوں کی دھول“ کی تقریب رونمائی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام شہناز احد کی تحریروں کا مجموعہ ”مسافتوں کی دھول “کی تقریب رونمائی حسینہ معین ہال میں کی گئی جس کی صدارت محمود شام نے کی جبکہ نظا مت کے فرائض مجاہد بریلوی نے سرانجام دیے ، تقریب میں مہناز رحمن ، ڈاکٹرشیر شاہ سید، نورالہدیٰ شاہ، رخسانہ زبیری ، اشرف شاہ، خادم علی شاہ نے اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر مجلس صدر محمود شام نے کہا کہ ایک بے خوف لکھاری کی واپسی کی دھول اڑتی نظر آرہی ہے جو ”مسافتوں کی دھول“ ہے،اس میں یادوں کے علاوہ نوحے بھی شامل ہیں، مجموعے میں جمہوریت ،امانت داری اوراعتماد کی جھلک جگہ جگہ ملتی ہے، شہناز احد بہت حساس دل کی مالک ہے، انہوں نے کہاکہ اچھی کتابوں کے مطالعے سے انسان ایک طاقتور ناول نگار اور افسانہ نویس بن سکتا ہے ہمیں مختلف زبانوں میں لکھی گئی کتابوں کو پڑھنا چاہیے ۔ادیبہ نورالہدیٰ شاہ نے کہاکہ انسان وہ ہوتا ہے جو ایک جھلک میں سمجھ آجائے جن میں شہناز احمد سرفہرست ہیں، میں انہیں ”مسافتوں کی دھول“ پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ مہناز رحمن نے کہاکہ شہناز احد نے تہلکہ خیز رپورٹنگ کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، وہ اوپر سے سخت مگر اندر سے ان کا دل بہت نرم ہے، شہناز کی صلاحیتیں ایسی باتوں پر قلم اٹھانے پر مجبور کرتی ہیں جنہیں سب نظر انداز کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ شہناز نے مظلوموں کو ہمیشہ انصاف دلانے کے لیے جدوجہد کی۔


دل لگی سے مزید