• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بارش کے حوالے سے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے شہریوں کو خبردار کر دیا۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ عیدالضحیٰ کے دنوں میں بھی کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ رواں مون سون میں معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں۔

تیز بارش سے اربن فلڈنگ کا خطرہ

انہوں نے بتایا کہ بارشوں کی زیادہ شدت یکم جولائی سے 15 اگست تک رہے گی،7 جولائی کو دوسرا مون سون سسٹم ملک پر اثر انداز ہو گا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں 2 جولائی سے تیز بارش کا امکان ہے جس سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں آج اور کل مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں صبح اور رات میں ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم مون سون کے پہلے اسپیل کی شدت سندھ میں زیادہ رہے گی۔

بارش سے قبل آندھی بھی چل سکتی ہے

سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ کراچی میں 2 جولائی کی شام یا رات سے وقفے وقفے سے تیز بارش ہو سکتی ہے، شہرِ قائد میں بارش سے قبل آندھی بھی چل سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آندھی کے دوران کراچی میں ہوا کی رفتار 81 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مون سون کا سسٹم کراچی کو چھوتا ہوا گزرا تو اس سے 50 سے 70 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔

100 ملی میٹر بارش کا امکان

انہوں نے بتایا کہ مون سون کے اس سسٹم کا مرکز اگر کراچی سے گزرا تو یہاں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے، جس سے شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی سے متصل سمندر میں 3 سے 5 جولائی کے دوران طغیانی رہے گی، اس دوران ماہی گیر محتاط رہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق خلیجِ بنگال اور بحیرۂ عرب سے نم ہوائیں گزشتہ رات سیالکوٹ اور نارووال میں داخل ہوئی ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ آج یہ ہوائیں مزید شدت کے ساتھ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جبکہ 2 جولائی سے یہ ہوائیں مشرقی سندھ پر اثر انداز ہوں گی۔

برساتی نالے اب بھی صاف نہ ہوئے

دوسری جانب محکمۂ موسمیات کی کراچی میں تیز بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود شہر میں موجود برساتی نالے اب تک صاف نہ ہو سکے۔

شہر کے 41 بڑے اور 518 چھوٹے نالوں میں اب بھی کچرا موجود ہے، کے ایم سی کی نالہ صفائی مہم اب تک نمائشی دوروں تک محدود رہی ہے۔

نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث شہر میں صورتِ حال ابتر ہو سکتی ہے۔

چند روز قبل ہونے والی 38 ملی میٹر کی بارش کے باعث ان نالوں کے ابلنے سے ضلع وسطی سمیت پورا شہر متاثر ہوا تھا۔

قومی خبریں سے مزید