اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عمران ظفر لغاری نے کہا ہے کہ چوہدری نثار پہلے خود اخلاقی آداب سیکھنے کی زحمت گوارا کریں۔ کون نہیں جانتا کہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر آنسو بہانے والے چوہدری نثار نے وزیراعظم نواز شریف سے اتنی ہمدردی کا بھی اظہار نہیں کیا جتنا ملا اختر منصورکے بارے کرتے رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں عمران ظفر لغاری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سب سے پہلے وزیراعظم نواز شریف کی صحتیابی کے لئے دعا کی تھی اور میرپور کے جلسے میں بھی دعا کرائی۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ نواز کے کچھ لوگ جب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بارے غیرمہذب زبان کریں گے تو صاف ظاہر ہے کہ رد عمل بھی سامنے آئے گا۔ عمران ظفر لغاری نے کہا کہ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ خود کو سیاہ و سفید کا مالک اور داخلی امور پر خود کو ڈاکٹر سمجھنے والے چوہدری نثار کو یہ تک پتہ نہ چلا کہ ملا اختر منصور کے پاس پاکستان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ مسلم لیگ نواز کا ہے کہ اس بات پر غور کرے کہ چوہدری نثار طالبان کے دوست ہیں یا نواز شریف کے۔