نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارت میں ایک خاتون نے اپنے بھائی کو منانے کیلئے 434میٹر طویل خط لکھ ڈالا ، تفصیلات کے مطابق برادرز ڈے کے موقع پر اپنے بھائی کو مبارک باد نہ بھیج سکنے کا ازالہ کرنے کے لیے خاتون نے بلنگ رولز پر 434 میٹر طویل خط لکھا دیا جس کا وزن پانچ کلوگرام سے زیادہ تھا۔ان جذبات کا اظہار بھارتی ریاست کیرالہ کی رہائشی کرشنا پریا کی طرف سے کیا گیا جن کی شناخت مقامی ذرائع ابلاغ میں صرف اسی ایک نام سے ہوئی ہے۔وہ جب 24 مئی کو منائے جانے والے برادرز ڈے کے موقع پر اپنے بھائی کو مبارکباد دینا بھول گئی تو انہوں نے طویل خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔ان کے چھوٹے بھائی 21 سالہ کرشنا پرساد نے ان کے ساتھ تمام رابطے ختم کر دیئے اور انہیں واٹس ایپ پر بلاک کر دیا تھا۔