لاہور (نمائندہ جنگ )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز سے فون پر گفتگو کی اور ان سے وزیر اعظم کے آپریشن اور صحت کے حوالے سے دریافت کرتے ہوئے میاں نواز شریف کی جلد یابی کی دعا بھی کی۔ادھرامیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹی او آرز پر ڈیڈ لاک احتساب سے فرار کے مترادف ہے ۔پاکستان کا احتسابی نظام بری طرح فیل ہوچکا ہے ۔ہم حقیقی احتساب کیلئے بااختیار کمیشن کا قیام چاہتے ہیں تاکہ سب کا بلا امتیاز احتساب ہوسکے ۔ ہم کرپشن کا سومنات توڑنا چاہتے ہیں مگر بعض لوگ اس کی عبادت میں لگے ہیں اور اسے گرد وغبار میں چھپانے کی کوشش کررہے ہیں ۔منصورہ میں جماعت اسلامی پنجاب کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آف شور کمپنیوں ،پانامااور لندن لیکس میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف سب کے نام موجود ہیں اس لئے خطرہ ہے کہ ٹی اوآرز میں ڈیڈ لاک کو توڑنے کی بجائے مزیدتعطل کی طرف معاملات نہ چلے جائیں ۔ ہم احتساب کا خود کار نظام چاہتے ہیں تاکہ طاقتور کو بھی احتساب کے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی نے وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز سے فون پر گفتگو کی اور ان سے وزیر اعظم کے آپریشن اور صحت کے حوالے سے دریافت کرتے ہوئے میاں نواز شریف کی جلد یابی کی دعا بھی کی۔