• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نادرا نے سیاسی جماعتوں کو حتمی انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لیے مدعو کرلیا

ملک میں آئندہ عام انتخابات کے لیے تیاریاں جاری ہیں، نادرا نے بھی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو حتمی انتخابی فہرستوں کی تیاری میں اتھارٹی کے کردار پر ایک سیشن میں شرکت کے لیے مدعو کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو مدعو کرنے کے بارے میں چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کردیا ہے۔

نادرا چیئرمین کے خط میں انتخابی عمل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کو اس عمل میں نادرا کے کردار کی وضاحت کے لیے "انتخابی فہرستوں پر اوپن ہاؤس سیشن" میں مدعو کیا گیا ہے۔

اس سیشن کے دوران نادرا تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے اٹھائے گئے مخصوص سوالات اور خدشات کا بھی جواب دے گا۔

خط میں سیاسی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی مناسب تاریخ اور شرکاء کی فہرست سے آگاہ کریں تاکہ نادرا انٹرایکٹو سیشن کے انعقاد کے لیے ضروری انتظامات کر سکے۔

نادرا کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لیے 2011 سے الیکشن کمیشن کی مدد کر رہا ہے اور انہی انتخابی فہرستوں پر اب تک متعدد عام انتخابات، بلدیاتی انتخابات اور ضمنی انتخابات کروائے جا چکے ہیں۔

چیئرمین نادرا نے خط میں بتایا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 219 کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابی فہرستوں کی تیاری اور ووٹرز کے اندراج کا مجاز ہے اور نادرا الیکشن کمیشن کی درخواست پر تکنیکی اور آپریشنل معاونت فراہم کرنے تک محدود ہے۔

 اس کے علاوہ یہ پتے کی تبدیلی کا ڈیٹا بھی فراہم کرتا ہے، الیکشن کمیشن سے منظور شدہ بزنس رولز کو لاگو کرنے کے علاوہ انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ اور ضلعی الیکشن کمشنرز کے دفاتر تک پہنچانے اور ایس ایم ایس سروس 8300 کو ہوسٹ بھی کرتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید