• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برازیل: پائلٹس ہاٹ ایئر بلون سے پریشان، قطر ایئر ویز کی پرواز حادثے سے بچ گئی

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے بے در پے واقعات سنگین مسئلہ بنے ہوئے ہیں لیکن برازیل میں پائلٹس شوقیہ اور غیر قانونی طور پر اڑائے گئے ہاٹ ایئر بلون سے پریشان ہیں۔

ایسے ہی ایک واقعہ میں گزشتہ روز قطر ایئرویز کی پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔ پائلٹ نے انتہائی مہارت سے طیارے کا رُخ تبدیل کیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گزشتہ روز قطر ایئرویز کی دوحہ سے روانہ ہونے والی پرواز کو برازیل کے ساؤپالو گوارولہوس ہوائی اڈے پر اترنا تھا۔

پائلٹ بوئنگ 300-777 کو ایئرپورٹ پر لینڈ کروانے کے لیے فائنل اپروچ پر تھا کہ اچانک گرم ہوا سے اُڑایا جانے والا دیوہیکل غبارہ اور ایک بینر عین لینڈنگ روٹ پر سامنے آگئے۔

حادثے سے بچنے کے لیے پائلٹ نے فوری طور لینڈنگ منسوخ کرتے ہوئے طیارے کا رُخ تبدیل کیا۔ بعد ازاں یہ پرواز ساؤ پالو گوارولہوس ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کرگئی۔

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

ایک مقامی شخص نے سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بیوقوفوں کا ایک چھوٹا سا گروپ ہے جو ایسا کرتا ہے اور پورا ملک اس کی قیمت ادا کرتا ہے۔

شہری کے مطابق برازیل میں یہ ایک جرم ہے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ پولیس اس کی روک تھام پر توجہ نہیں دیتی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید