پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے ملاقات کی ہے۔
بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں صوبائی وزیر آبپاشی محمد خان لہری بھی موجود تھے۔
پی پی اعلامیے کے مطابق عبدالقدوس بزنجو کے ساتھ آئے وفد نے آصف علی زرداری سے بلوچستان میں پانی کی قلت کے مسائل سے آگاہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق دوران گفتگو آصف زرداری نے بلوچستان میں پانی کے بحران پر تشویش ظاہر کی اور وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرتی رہے گی، ہم نے ہمیشہ بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے عوام کو ہم کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔