• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خبردار! صارفین واٹس ایپ پر چلنے والی جعلی مہم سے بچیں

فائل فوٹو
فائل فوٹو

دُنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ ’واٹس ایپ‘ پر ایک نئی مہم سامنے آئی ہے جہاں دھوکے باز گروپ ان صارفین کو پیغام بھیج رہا ہے جو برطانیہ میں ملازمت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

 آج کل انٹرنیٹ پر بڑے بڑے فراڈ کے واقعات سُننے کو ملتے ہیں اور واٹس ایپ تمام دھوکے باز گروپوں کا ایک بڑا مرکز بن گیا ہے، حال ہی میں ایک نئی مہم سامنے آئی ہے جہاں دھوکے باز گروپ ان لوگوں کو پیغام بھیج رہا ہے جو برطانیہ میں کام کرنا چاہتے ہیں۔ 

ایک پیغام واٹس ایپ صارفین کو بھیجا جا رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ پیغام برطانوی حکومت کی طرف سے ہے۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ اس وقت اپنے ملک میں کام کرنے کے لیے 1 لاکھ سے زائد ملازمین کی تلاش میں ہے۔

پیغام یہ بھی بتاتا ہے کہ برطانیہ میں 1 لاکھ 86 ہزار سے زیادہ اسامیاں خالی ہیں۔

ایک حالیہ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ لوگوں کو واٹس ایپ پر مفت ویزوں اور دیگر تفصیلات سے متعلق پیغامات موصول ہو رہے ہیں، جعلساز ایسے لوگوں کو پیغامات بھیج رہے ہیں جو برطانیہ میں کام کرنا چاہتے ہیں۔

میسج پر کلک کرنے پر صارف کو ایک جعلی ویب سائٹ پر لے جایا جاتا ہے جہاں جعلی ویزا اور امیگریشن کی تفصیلات فراہم کی جاتی ہیں، مزید برآں مختلف ممالک کے لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ برطانیہ میں ملازمتوں کے لیے درخواست دیں۔

اس طرح کے پیغامات صارفین کی ذاتی اور حساس معلومات حاصل کرنے کے لیے بنائے جاتے ہیں، جب صارفین کو جعلی ویب سائٹ پر لے جایا جاتا ہے، تو وہ ان تفصیلات کو پُر کرنا شروع کر دیتے ہیں جو ان سے جمع کرانے کو کہا جاتا ہے، جیسے کہ ان کے نام، ای میل ایڈریس، فون نمبر، ازدواجی حیثیت اور ملازمت کی حیثیت۔

اس طرح کے پیغامات سے محفوظ رہنے کے لیے انہیں مکمل طور پر نظر انداز کرنا چاہیے، دھوکہ دہی کرنے والے اکثر ان لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں جو باآسانی اپنی ذاتی تفصیلات دے دیتے ہیں۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید