150 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواﺅں میں اڑنے کے لیے تیار ہو جائیں کیونکہ لندن میں بہت جلد اڑن ٹیکسیاں متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
فلائنگ ٹیکسیوں کا نام دیے گئے 6 نشستوں والے ان خصوصی طیاروں کو 2028ء تک برطانوی عوام فضاﺅں میں اڑتے دیکھ پائیں گے۔
ایرو اسپیس کو پُر امید ہے کہ 3 سال کے دوران ریگولیٹری منظوری حاصل کر لی جائے گی جس کے بعد کمرشل بنیادوں پر خدمات کے لیے سروسز پیش کی جائیں گی۔
ورٹیکل ایرو اسپیس کے چیف ایگزیکٹیو اسٹیورٹ سمپسن نے کہا ہے کہ ویلیو نامی مذکورہ ٹیکسی وہ طیارہ ہو گا جو برقی پرواز کو تجارتی حقیقت کا حقیقی روپ دے گا، صاف، پرسکون، تیز اور روز مرہ کی خدمات کے لیے اس کا استعمال مفید ثابت ہو گا، گھنٹوں کا سفر منٹوں میں طے ہو سکے گا۔
کمپنی یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) اور یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) کے ساتھ حتمی جانچ کے لیے برطانیہ میں 7 سرٹیفیکیشن طیارے بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس طیارے کو 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 100 میل تک پرواز کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ اڑن ٹیکسیاں 4 سیٹوں والے کیبن، 6 کیبن بیگز، چیک شدہ بیگز، پینورامک ونڈوز، رازداری اور حفاظت کے لیے ایک کاک پٹ ڈیوائیڈر کے ساتھ لانچ ہوں گی۔