روس نے میٹا کی انسٹینٹ میسجنگ سروس واٹس ایپ کو سخت وارننگ جاری کر دی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روس کی فیڈرل سروس برائے مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ماس میڈیا روسکومینڈزور نے جمعے کے روز واٹس ایپ پر جرائم کو روکنے اور ان سے نمٹنے کے لیے وضع کردہ تقاضوں کی تعمیل کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا۔
روسی مواصلاتی ادارے کا کہنا ہے کہ اگر میسجنگ سروس روسی قانون سازی کے مطالبات کو پورا کرنے میں ناکام رہی تو اسے مکمل طور پر بلاک کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب واٹس ایپ نے ماسکو پر الزام لگایا ہے کہ وہ لاکھوں روسی شہریوں کو محفوظ مواصلات تک رسائی سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔
روسی حکام ریاست کی حمایت یافتہ حریف ایپ میکس(MAX) کو آگے بڑھا رہے ہیں جس کے بارے میں ناقدین کا دعویٰ ہے کہ یہ ایپ صارفین کو ٹریک کرنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے جبکہ سرکاری میڈیا نے ناقدین کے ان الزامات کو جھوٹا قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال اگست سے روس نے واٹس ایپ اور ٹیلی گرام پر کچھ کالز کو محدود کرنا شروع کر دیا اور یہ الزام لگایا کہ یہ پلیٹ فارمز فراڈ اور دہشت گردی کے معاملات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ معلومات کا اشتراک کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔