• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر سیاسی شخصیت کو ایڈمنسٹریٹر کراچی لگایا جائے: حافظ نعیم الرحمٰن

حافظ نعیم الرحمٰن—فوٹو: سوشل میڈیا
حافظ نعیم الرحمٰن—فوٹو: سوشل میڈیا

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے غیر سیاسی شخصیت کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر لگانے کا مطالبہ کر دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ فوری طور پر مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے سے ہٹاکر غیر سیاسی شخصیت کو ایڈمنسٹریٹر لگایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی اور سندھ کے عوام سے کھلواڑ کر رہی ہے، تمام تر اختیارات پر سندھ حکومت کا قبضہ ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ معمولی بارش کے بعد بھی تاحال پانی کی نکاسی نہیں کی گئی، سندھ حکومت شہریوں کو مکمل سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی، شہر بھر میں گندگی بڑھ رہی ہے، کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ میں الیکشن کمیشن سندھ حکومت کا دوسرا نام ہے، صوبے میں الیکشن کمیشن کے کن قوانین پر عمل درآمد ہو رہا ہے؟ سیاسی ایڈمنسٹریٹر کو لگا کر جلدی جلدی میں افتتاح ہو رہے ہیں، سیاسی ایڈمنسٹریٹر کسی بھی سطح پر قابلِ قبول نہیں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے مزید کہا ہے کہ شہر میں ٹینکر مافیا کا راج ہے، کے فور منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے، وزیرِ اعظم کراچی میں کے فور کے افتتاح کے لیے کیوں نہیں آ رہے؟ عمران خان نے بھی کراچی سے وعدوں کو پایۂ تکمیل تک نہیں پہنچایا تھا۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو تمام سیاسی جماعتوں نے سہولت فراہم کی، کراچی میں نالوں کی صفائی نہیں ہوئی، ایم کیو ایم کیوں حلقہ بندیوں پر خاموش ہے؟

قومی خبریں سے مزید