• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فری بجلی کے نام پر ن لیگ فراڈ کر رہی ہے، فواد چوہدری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) فری بجلی کے نام پر فراڈ کر رہی ہے، ن لیگ کے وزرا میں گھبراہٹ کا ماحول چل رہا ہے، ان سے کہتا ہوں آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فری بجلی کے نام پر ن لیگ فراڈ کر رہی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بجلی کی کھپت آج کم ترین ہے، پھر بھی دس، دس گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔

مریم اورنگزیب کیخلاف نااہلی ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ

اپنی پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے سوال اٹھایا کہ سگریٹ کے حوالے سے اجلاس میں مریم اورنگزیب کس حیثیت سے شریک تھیں؟ 

انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب کے خلاف نااہلی کا ریفرنس بھیجیں گے، اپنے شوہر کو مراعات دینا مفادات کا ٹکراؤ ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سگریٹ انڈسٹری کو ٹیکس چھوٹ دی گئی، دنیا میں سگریٹ نوشی کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے جبکہ پاکستان میں سگریٹ پر ٹیکس چھوٹ دی جارہی ہے۔

"حمزہ کی حکومت دس دن کی مہمان ہے" 

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہمارے 5 ارکان کا اضافہ ہوا ہے، یہ ارکان آنے سے حمزہ شہباز اب اقلیت میں چلے گئے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہباز کی حکومت 10 دن کی مہمان ہے، 22 جولائی کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کا مقابلہ ن لیگ سے نہیں آزاد امیدواروں سے ہے، ان انتخابات میں الیکشن میں پہلے نمبر پر تحریک انصاف اور دوسرے پر آزاد امیدوار ہوں گے جبکہ ن لیگ تیسرے نمبر پر ہو گی۔ 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ورکرز لوٹوں کو ووٹ دینے کے لیے تیار نہیں۔ 

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ 20 حلقوں میں سے 19 حلقوں کے امیدواروں کے خلاف ہائی کورٹ جارہے ہیں، ان 19 امیدواروں کو نااہل قرار دے دیا جائے۔

"سولر اسکینڈل پر عدالتوں کو نوٹس لینا چاہیے"

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سولر اسکینڈل پر عدالتوں کو نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سولر کے 50 ارب روپے کے پراجیکٹ پر صوبوں سے مشاورت نہیں کی گئی۔

"عمران خان کے پائلٹس کو دھمکی آمیز کالز آئیں"

فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے پائلٹس کو دھمکی آمیز کالز آئی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ دھمکی آمیز کالز نامعلوم نمبرز سے موصول ہو رہی ہیں۔

"حکومت مودی کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتی ہے"

سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں صحافیوں کے ساتھ برا سلوک ہو رہا ہے، مسلمانوں کے خلاف بھارت میں انتہا پسندانہ عمل ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو انڈر ٹریننگ وزیر خارجہ ہے جس نے بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کا بیان دیا ہے۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت مودی کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتی ہے، جبکہ پی ٹی آئی بھارت کے رویے کی مذمت کرتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید