لاہور( ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے گھر سے چور لاکھوں مالیت کے زیورات اور نقدی لے اڑے‘ ڈاکٹر عدنان نے تھانہ ڈیفنس اے میں مقدمہ درج کروا دیا۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ کچھ عرصے سے لندن میں مقیم تھا اور اہلخانہ عید کے لیے دبئی چلے گئے جبکہ گھریلو ملازم بھی چھٹی پر تھے۔ایف آئی آر کے مطابق اہلخانہ واپس گھر پہنچے تو گھر کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور گھر سے 40 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور ہیرے غائب تھے۔ ڈاکٹر عدنان کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ میری جان کو بھی خطرہ ہے ،پنجاب حکومت مجھے اور میری فیملی کو سکیورٹی فراہم کرے۔آئی این پی کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جس پر تھانہ ڈیفنس اے میں چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔