کراچی (این این آئی) پاکستانی اداکار احد رضا میر کو اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلکس کی اوریجنل ہارر ویب سیریز ʼریزیڈینٹ ایولʼ کا حصہ بننے کے بعد ایک اور ویب سیریز میں کاسٹ کرلیا گیا ہے۔احد رضا میر معروف ویب سیریز ʼورلڈ آن فائرʼ کے دوسرے سیزن میں جلوہ گر ہوں گے، جس میں وہ ʼراجبʼ نامی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔سیریز کے دیگر نئے کرداروں میں مارک بونر (گلٹ، لائن آف ڈیوٹی)سر جیمز ڈینیمیر کا کردار نبھائیں گے اور گریگ سلکن (رن ویز، پریٹی اسمارٹ)ڈیوڈ نامی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔ʼورلڈ آن فائرʼ اکتوبر 1940 میں جنگ عظیم کے پس منظر میں فلمایا گیا ہے، یہ ویب سیریز عام لوگوں کی نظروں سے دوسری جنگ عظیم کی کہانی سناتی ہے جن کی زندگیاں جنگ کے سبب افراتفری کا شکار ہوئیں، سیریز کا دوسرا سیزن اس کے خالق پیٹر بوکر، ریچل بینیٹ اور میٹ جونز کی لکھی ہوئی 6چھ نئے اقساط پر مشتمل ہوگا۔سیریز کے خالق پیٹر بوکر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دوسرے سیزن میں وقت لگا جس نے اس کی فلم بندی کا آغاز کافی پرجوش بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ متاثر کن کاسٹ کیساتھ کہانی کو پیش کرنا حقیقتاً خوش آئند بات ہے، ہمارے پرانے اور نئے پرجوش ٹیلنٹ دونوں نے شو کے معیار اور اہداف کو قبول کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ʼشمالی افریقہ میں تنازع کس طرح ہوا ایک دلچسپ اور بہت کم دریافت شدہ تاریخ ہے، اور ہم جدوجہد اور دوستی کی کہانیوں کے ساتھ اس کا احاطہ کرنا چاہتے ہیںʼ۔انہوں نے کہا کہ اس سیریز کی متنوع کاسٹ اس تاریخی تنازع کی عالمی نوعیت کی عکاسی کرتی ہے۔