پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پولیس شہباز گل کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ شبلی فراز اور زلفی بخاری کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔
رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے پی پی 167 کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب پنجاب اسمبلی سے استعفی آنا شروع ہوگئے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مجموعی طور پر ووٹنگ شرح بہتر ہے، امید ہے ہم اپنا ہدف حاصل کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ اِکا دُکا واقعات ہوتے رہتے ہیں، سیکیورٹی پر کمپرومائز نہیں کرنا چاہیے، ہم پُرامن لوگ ہیں ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پولنگ انتہائی اچھے ماحول میں جاری ہے، چھوٹی موٹی شکایات ہیں لیکن بظاہر ماحول خوشگوار ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ موسم بھی ابھی تک ساتھ دے رہا ہے، جن لوگوں کا ووٹ ہے فوراً پولنگ اسٹیشن پہنچیں اور فرض ادا کریں۔
اُنہوں نے کہا کہ عوام نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ نیوٹرل نہیں ہیں، عوام نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کو ووٹ ڈالیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نتائج شام 5 بجے کے بعد تبدیل ہوتے ہیں، ہم آج بھی کہتے ہیں کہ الیکشن ای وی ایم پر ہونے چاہیے۔