• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

100 گنڈے اور 100 چھتر عمران صاحب کا مقدر ہیں: مریم اورنگزیب

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 100 گنڈے اور 100 چھتر اب عمران صاحب کا مقدر ہیں، اداروں کو گالی دھمکی دینے والا اداروں کا ٹھیکے دار نہ بنے۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتدار میں واپسی کے لیے انہیں اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، کسی کو بھی آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اعتراف کیا ہے 4 سال حکومت چلانے کے لیے اداروں اور ایجنسیوں کی مدد لی۔

اُنہوں نے کہا کہ دھونس دھمکی گالی سے انصاف کا قتل نہیں کرنے دیں گے، نواز شریف اور مسلم لیگ ن کا بیانیہ آئین کا بیانیہ ہے اور رہے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فوج اور عدلیہ کو سیاست میں گھسیٹنا بند کرو، عمران خان کا نشانہ ادارے ہیں اور ان کی قیادت کو عہدوں سے اتروانا ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ منہ پر خون لگنے کی بات کر کے اب پاؤں نہ پکڑیں، عمران خان کا بیرون ملک سازش کا بیانیہ دفن ہو چکا، اب اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ شروع ہو گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ دے، عمران خان دھونس، انتشار، فساد اور  غنڈہ گردی سے اس کیس میں این آر او چاہتے ہیں۔

اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ کرے، فل کورٹ سپریم کورٹ بار کی نظرِ ثانی اور دیگر درخواستوں پر ساتھ سماعت کرے، اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات پر انصاف ہونا ہی نہیں چاہیے، ہوتا نظر بھی آنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان احتساب سے بچنا، اپنی کرپشن چھپانا چاہتے ہیں،  چور دروازے سے اقتدارحاصل کرنا چاہتے ہیں، اب یہ جنگ متکبر و آئین شکن کی فسطائیت کے خلاف ہے۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام اور اداروں کو عمران خان کی خواہشات کا غلام نہیں بننے دیں گے، جمہوری اور آئینی نظام کو دیوالیہ نہیں کرنے دیں گے۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا ہے کہ عمرانی سوچ اور رویہ پاکستان کے ریاستی نظام کے لیے دیمک بن چکا ہے، آئین، جمہوریت اور عوام کے حقِ حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید