راولپنڈی(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگرآئی ایم ایف کا بیل آؤٹ پیکج جلد نہ آیا تو پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے، سیاسی انتشار،خلفشار اور عدم استحکام پاکستان کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔تاریخ کے بدترین معاشی اور سیاسی بحران سے گزر رہے ہیں۔زرمبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو گئے ہیں،غریب کا نہ چولہا جل رہا ہے، نہ بجلی کا بل،نہ بچوں کی فیس، غریب وینٹی لیٹر پر ہے۔سینکڑوں فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں۔ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا انکا کہنا تھا کہ سیاسی انتشار،خلفشار اور عدم استحکام پاکستان کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے،مداخلت نرم ہو،گرم ہو یا سخت،سب کو مل کر ملک بچانا ہے،ایک ایک دن قیمتی ہے۔سب لوگوں کو مل کر بیٹھنا ہے ورنہ لوگ فیصلے خود اپنے ہاتھوں میں لے لیں گے،مہنگائی کی شرح38فیصد بڑھ گئی ہے اور غریب آٹا بھی نہیں لے سکتا۔