• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا فیصلہ آپ نے کرلیا اب دیگر جماعتوں کا فیصلہ بھی جلد کرلیں، فواد چوہدری

۔۔۔فائل فوٹو
۔۔۔فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا فیصلہ درست نہیں ہے، پی ٹی آئی کا فیصلہ آپ نے کر لیا اب دیگر جماعتوں کا فیصلہ بھی جلد کر لیں۔

الیکشن کمیشن کے باہر فرخ حبیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی، ن لیگ جے یو آئی نے اوورسیز پاکستانیوں کو اپنا دشمن کیوں سمجھ لیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھتے ہیں، ہم آگے بھی فنڈنگ کے لیے اوورسیز پر ہی انحصار کریں گے۔

سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ عارف نقوی یا کوئی بھی اکاؤٹنٹ کہہ رہا ہے یہ اکاؤنٹ لیگل ہے تو عمران خان نے دستخط کردیے، ان کو تو نہیں پتہ یہ لیگل اکاؤنٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نوٹس ملا ہے، شروع دن سے ہمارا مؤقف ہے کہ فارن فنڈنگ نہیں، اب اگلا مرحلہ شروع ہوگا جس میں ہم بتائیں گے کہ 16 اکاؤنٹس بھی قانونی ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کسی جماعت کو یہ حق نہیں کہ وہ اپنی فنڈنگ عوام سے چھپائے، آج الیکشن کمیشن نے بھی کہا کہ فارن فنڈنگ نہیں ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جماعت کو خطرہ صرف ایک ہوتا ہے کہ عوام میں مقبولیت کھو دیں۔

اس موقع پر فرخ حبیب نے کہا کہ پچھلے کئی برسوں سے یہ بات سنتے آرہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف تھا یہ فارن فنڈنگ کا کیس نہیں ممنوعہ فنڈنگ کا کیس ہے، اس کیس میں کسی قسم کی فارن فنڈنگ نہیں نکلی۔

فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ جو لوگ فارن فنڈنگ کے بیانیے کو آگے بڑھاتے رہے ان کو مایوسی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز لیے ہیں۔

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنانے کی کارروائی شروع ہوئی تو ایک وکیل نے آ کر تلاوت کی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج 8 سال بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنایا۔

قومی خبریں سے مزید