کریملن نے چینی فوجی مشقوں کی حمایت کرتے ہوئے اسے چین کا خودمختار حق قرار دیا ہے۔
ماسکو سے خبر ایجنسی کے مطابق کریملن کا کہنا ہے کہ چین کو تائیوان کے ارد گرد بڑی فوجی مشقیں کرنے کا خود مختار حق حاصل ہے۔
کریملن کا مزید کہنا ہے کہ خطے میں مصنوعی طور پر کشیدگی کو ہوا دینے کا ذمہ دار امریکا ہے۔
واضح رہے کہ چین نے تائیوان کے اطراف 6 مقامات پر بڑے پیمانے پر لائیو فائر سمیت فضائی و بحری فوجی مشقوں کا آغاز کردیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے چھ روزہ فوجی مشقوں کا آغاز امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائپے سے روانگی کے چند گھنٹے بعد کیا جو اتوار 7 اگست تک جاری رہیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے دنیا بھر کی ایئرلائنز کو خبردار کیا ہے کہ تائیوان کے اطراف 6 فضائی علاقوں کوخطرناک زون قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان سے دور رہیں اور اس کے ارد گرد 4 سے 12 اگست تک تمام بین الاقوامی پروازیں بند کردی ہیں۔