سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کو بھارتی کرکٹ میں مداخلت نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل گواسکر نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کو کہا کہ آپ اپنے مفادات کا خیال رکھیں، اپنی کرکٹ کا خیال رکھیں، براہ کرم ہمارے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ مت بتائیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے، ہم اپنے مفادات کا خیال بہتر انداز میں رکھ سکتے ہیں، آپ کی رہنمائی کی ضرورت نہیں ہے۔
سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات کی لیگز کے بارے میں خبر آتے ہی انگلینڈ اور آسٹریلیا نے ہلچل شروع کردی ہے۔
سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا شیڈولنگ کے بارے میں فکر مند ہیں کیوں کہ نئے ٹورنامنٹ ان کی ٹی 20 لیگز کے شیڈول سے ٹکرا سکتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یو اے ای اور جنوبی افریقہ کی لیگ آسٹریلیا کے لیے پریشان کن ہے، بگ بیش اور ٹی ٹوئنٹی لیگ ایک ہی وقت میں شیڈول ہیں، ایسا ممکن ہے کہ ان کے کچھ کھلاڑی بگ بیش کے بجائے یو اے ای اور جنوبی افریقہ کی لیگ کھیلنے چلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا نے کہا تھا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر میں خلل پڑ رہا ہے۔
آئی پی ایل کے متعدد فرنچائز مالکان نے جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹی 20 لیگز میں ٹیمیں خرید لی ہیں جن کا آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ اور انگلینڈ کی دی ہنڈریڈ کے شیڈول سے ٹکراؤ کا امکان ہے۔