• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، پاکستان کا یوم آزادی میلہ 14 اگست کو فریسکو ایمبسی سوئیٹس کے کنونشن سینٹر میں ہوگا

پاکستان کا یوم آزادی میلہ 14 اگست بروز اتوار فریسکو ایمبسی سوئیٹس کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔

نارتھ ٹیکساس ڈیلس میں پاکستانیوں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس پی ایس این ٹی کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان کے 75ویں جشن آزادی کا پروگرام 14 اگست بروز اتوار کو فریسکو میں واقع ایمبیسی سوئیٹس کے کنونشن سینٹر میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ اعلان جو کہ اب سے چھ ماہ قبل ہی کر دیا گیا تھا تاہم حال ہی میں ایک اور پاکستانی گروپ کی جانب سے اس ہی دن جشن آزادی کے نام سے ایک اور پروگرام کا اعلان بھی سامنے آیا ہے اور ایک انڈین ریڈیو اسکی تشہیر میں بھی لگا ہوا ہے جس سے کمیونٹی کے کئی افراد میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

کمیونٹی کے افراد کا کہنا ہے کہ دوسرے گروپ کی جانب سے ایک ہی دن پروگرام منعقد کرنے کا مقصد ان کی جانب سے پاکستان کے جشن آزادی کے اصل پروگرام کو سبوتاژ کرنا اور پاکستانی کمیونٹی کی تقسیم ہے۔

کمیونٹی افراد کا کہنا ہے کہ ڈیلس میں بھارت کی نمائندہ تنظیم کی جانب سے بھارت کے جشن آزادی کے موقع پر ہر سال انکے جشن آزادی کے پروگرام ان کی صرف ایک نمائندہ تنظیم تشکیل دیتی ہے جس کے پرچم تلے پروگرام میں پوری بھارتی کمیونٹی بھرپور جوش وخروش کے ساتھ شرکت کرتی ہے اور کبھی بھی بھارتی کمیونٹی میں اسطرح کا انتشار ان کے کسی بھی پروگرام میں نظر نہیں آیا۔

کمیونٹی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مقابلے میں بھارتی کمیونٹی یہاں کافی متحد نظر آتی ہے لیکن پاکستانی کمیونٹی کے کچھ افراد کی جانب سے شر پسندی کے باعث پاکستانی کمیونٹی تقسیم در تقسیم کا شکار نظر آتی ہے، اس سال جشن آزادی کے نام پر کمیونٹی کو تقسیم کرنے پر مقامی پاکستانی کمیونٹی کے بعض افراد سخت نالاں ہیں۔

پاکستانی کمیونٹی کے افراد کا کہنا ہےکہ ایسا لگتا ہے کہ دوسرا گروپ جان بوجھ کر کمیونٹی کو تقسیم ‎کرنے کی سازش میں لگا ہوا ہے اور بھارتی ریڈیو انکی بھرپور مدد کررہا ہے۔

دوسری جانب رابطہ کرنے پر پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ پاکستان سوسائٹی پی ایس این ٹی یہاں پاکستان کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے جو گزشتہ 40 سالوں کے زائد عرصہ سے کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے کاموں میں مصروف عمل ہے جس میں مقامی کمیونٹی کے مسائل سے لے کر پاکستان میں بھی دشوار گزار وقتوں میں یہ تنظیم اپنی خدمات سرانجام دیتی رہی ہے۔ کورونا کے شروعاتی دنوں میں تنظیم کی جانب سے کمیونٹی کے خاندانوں کے کئی افراد کے گھروں میں راشن مفت فراہم کیا گیا۔

پاکستان سوسائٹی کے صدر عابد ملک کا اس سلسلہ میں کہنا ہے کہ پی ایس این ٹی کی جانب سے جشن آزادی اور قائد میلہ کے انعقاد کا اعلان ہم نے چھ ماہ قبل ہی کردیا تھا تاہم کچھ افراد کی جانب سے حال ہی میں یہ اعلان سامنے آیا ہے کہ وہ بھی اس ہی روز پروگرام کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کرنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن اگر یہ لوگ کسی اور دن یہ پروگرام کرلیتے تو بہتر تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ بھی ہمارے بھائی بہن ہیں تاہم انہوں نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ فریسکو ایمبیسی سوئیٹس کے کنونشن سینٹر میں ہونے والے جشن آزادی کے پروگرام میں بھرپور شرکت کریں اور فریسکو ایمبسی سوئیٹس کے کنونشن سینٹر میں اپنی فیملی اور دوستوں کے ہمراہ آئیں جہاں پر عوام الناس اور خواتین کی سہولیات کے لیے مختلف مصنوعات کے اسٹالز سمیت پاکستانی لذیذ کھانوں کے اسٹالز بھی موجود ہوں گے۔

عابد ملک کا کہنا تھا کہ اس طرح ایک چھت تلے بہت کچھ ہوگا، رات کے وقت تفریح کیلئے محفل موسیقی کا پروگرام بھی مرتب کیا گیا ہے جہاں پر قومی ملی نغموں کی بہار آپ کو دیکھنے کو ملے گی جس میں پاکستان سے آئے معروف گلوکار علی حیدر، نعیم عباس روفی، ملکہ فیصل اپنی آوازوں کا جادو جگائیں گے جبکہ عوام کو بھرپور تفریح دینے کیلئے مزاحیہ فنکار فیصل قاضی بھی اپنے بھرپور فن کا مظاہرہ پیش کرینگے۔

عابد ملک کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کیلئے پارکنگ، انٹری سب کچھ فری ہے اور انشا اللّٰہ یہ ایک یادگار پروگرام ہوگا لٰہذا کمیونٹی کے افراد بھرپور شرکت کریں، قائد میلہ اور جشن آزادی کا یہ پروگرام 14 اگست بروز اتوار شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک جاری رہیگا۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید