• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران ضرور نااہل ہونگے، پرامن جلسہ کریں ورنہ 25 مئی سے برا حشر ہوگا، رانا ثناء

فیصل آباد(نمائندہ جنگ، این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پرامن جلسہ کرے ورنہ 25 مئی سے برا حشر ہوگا، عمران ضرور نا اہل ہونگے.

 چیئرمین پی ٹی آئی قوم کو گمراہ کررہا ہے،افواج کیخلاف ہرزہ سرائی میں جو بھی ملوث ہوا کارروائی ہوگی، عمران خان کس بات کا الٹی میٹم دے رہا ہے کہ الیکشن کرائو ، پہلے چیف الیکشن کمشنر کو تو ہٹا لو ، پنجاب اسمبلی اور خیبر پختونخوا اسمبلی توڑو، جو استعفے دئیے منظور کروا لو پھر کوئی الٹی میٹم دو ، ورنہ اس قسم کا الٹی میٹم دو نمبری ہے جسکو کوئی تسلیم نہیں کریگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کیا۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کو صرف تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا تو عمران خان کس طرح بچ سکتا ہے ۔

ریفرنس دائر ہوا تو عمران خان ہر قیمت پر نا اہل ہو گا۔ اگر عمران خان نے پر امن احتجاج کی بجائے کوئی دھونس، دھمکی یا بلیک میلنگ کا راستہ اپنایا تو 25 مئی سے زیادہ برا حشر ہو گا۔ ایف آئی اے اس وقت دو انکوائریاں کر رہا ہے ۔ ایک لسبیلہ سانحے پر چلنے والے ٹرینڈ پر جبکہ دوسری انکوائری الیکشن کمیشن کے فیصلہ پر ہو رہی ہے۔

ان انکوائریز کے نتیجہ میں جسکے خلاف جو جرم ثابت ہو گا اسکے خلاف مقدمہ بھی درج ہو گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں نشاندہی ہو چکی ہے کہ فارن ایجنٹ کون ہے۔ کون لوگ ٹرینڈ چلا کر قوم کو گمراہ کرتے ہیں یہ بھی واضح ہو چکا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ایمن الظواہری پر ڈرون حملے کا جو الزام افغانستان نے بھی نہیں لگایا یہ لگا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کوئی شک ہی نہیں رہ گیا کہ عمران خان فارن ایجنڈے پر ملک میں انارکی پھیلانے کا کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ میں کچھ بھی نہیں چھوڑا، چیزیں اٹھا کر بیچ دیں اور 80 فیصد رقم جیب میں ڈال لی۔

دوست ملک کی جانب سے گھڑی مارکیٹ میں بیچنے کے معاملہ پر تعلقات میں بھی دراڑ آئی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک سے گزارش ہے کہ وہ جلسہ کرنا چاہتی ہے تو لیاقت باغ میں کر لے ۔

 انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری نے ایک بات میرے حق میں کی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی والوں نے ان کی خوب دھلائی کی جس کے بعد میرے خلاف باتیں کر کے وہ بیلنس کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 وفاق اور صوبوں میں ایک ریلیشن شپ ہوتا ہے ۔ فواد چوہدری کو چاہئے ڈھنگ کی گفتگو کریں۔ دریں اثنا رانا ثناء اللہ نےہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید بریگیڈئیر محمد خالد کے گھر جا کر تعزیت کی ۔

 رانا ثناء اللہ نے شہید کے بھائی اور عزیز و اقارب سے ملاقات کی ، شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور فاتحہ خوانی کی۔

رانا ثناء اللہ نے اس موقع پر ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید بریگیڈئیر محمد خالد اور ان کے ساتھیوں کی قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو ملک کی حفاظت، دہشتگردی کیخلاف جنگ اور قدرتی آفات میں عوام کی خدمت کےد وران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید