ڈیرہ غازیخان، مٹھن کوٹ ٗباغ و بہار(نامہ نگاران) سرائیکستان قومی اتحاد کے زیر اہتمام عالی والا میں 2 جون کو سرائیکی وسیب کے ہیرو نواب مظفر خان سدوزئی کی ملتان میں رنجیت سنگھ کے ہاتھوں شہادت کے موقع پر ایک احتجاجی مظاہرہ کا اہتمام کیا گیا ۔مظاہرے کی قیادت سید صفدر حسین شاہ، خلیل خان چنگوانی، مہر حسین خان چنگوانی ،عبدالحکیم خان لغاری، سید کامران شاہ بخاری، فیض کریم بھٹی نے کی ۔اس موقع پر سید صفدر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرائیکی وسیب کے ہیرو نواب مظفر سدوزئی کی شہادت ایک نہ ایک دن رنگ لائے گی ۔دریں اثنا سرائیکی پارٹی کے زیر اہتمام سقوط ملتان کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔ اللہ وسایا خان لنگاہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا 2 جون 1818ء کو رنجیت سنگھ کی فوج نے سلطنت ملتان پر حملہ کیا۔ نواب مظفر خان نے مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا مگر دشمن کے آگے ہتھیار نہ ڈالے۔سرائیکستان قومی اتحاد کے زیر اہتمام محمد بخش براٹھا ضلعی صدر ایس کیو آئی ،ممبر سنٹرل کمیٹی ایس کیو آئی سردار خان لنڈ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کچہری چوک راجن پور میں کیا گیا۔اس موقع پر سردار خان لنڈ نے کہا کہ سرائیکی خطہ کو بجٹ میں نصف حصہ دیا جائے، اس موقع پرسیف اللہ سونترہ ،نصراللہ حجانہ ،اسحاق خان لغاری اور سرائیکی انقلابی شاعر فیاض زاہد گبول اور سرائیکی مزاحمتی شاعر مرید حسین تاجر نے اپنی نظموں میں نواب مظفر خان شہید کو خراج تحسین پیش کیا۔سرائیکستان قومی کونسل دھریجہ نگر اور سرائیکستان یوتھ کونسل دھریجہ نگر کے زیراہتمام دھریجہ نگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت مقصود دھریجہ نے کی ،مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقصود دھریجہ نے کہا کہ 2جون کو سقوط ملتان یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں۔اس موقع پر دھریجہ نگر میں سبیل بھی لگائی گئی،مظاہرین میں بابا بشیر احمد ،محمدنواز ،عبدالغفار دھریجہ ،محمدحنیف دھریجہ ،سعید دھریجہ ،ریاض دھریجہ ،نذیربزمی ،بابا مرید دھریجہ ،خدابخش دھریجہ ،عاصم دھریجہ ،ذیشان دھریجہ ،عمران خورشید سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔